کوالالمپور: حکومتی مثبت و جامع اقدامات کی وجہ سے کرونا وائرس کی وبا ملائشیا میں اس تیزی سے نہیں پھیلی جیسے دیگر ممالک میں پھیل رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی کرتے ہوئے اکثر کاروبار کھولنے کی مشروط اجازت دے دی ہے۔
لیکن چند مقامات اور شہروں میں کرونا وائرس پھیلنے کے شدید خطرات موجود ہیں۔ چند دن پہلے بکت جلیل ڈیپورٹ کیمپ سے چند قیدیوں میں کرونا وائرس مثبت آنے کے بعد انہیں قرنطینہ کیا گیا۔ جس کے بعد وہاں تعینات امیگریشن اہلکاروں اور دیگر کو سخت نگرانی میں رکھا گیا ہے۔
کوالالمپور سے امیگریشن کےعملہ نے بُکت جلیل کیمپ کا انتظام سنبھال لیا ہے۔ امیگریشن ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ بُکت جلیل کیمپ اب کوالالمپور امیگریشن اور رضا کار ریلا کے زیر انتظام ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کیمپ میں پہلے سے موجود تمام امیگریشن افسران کو قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔ اب تک 98 افسران کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں لیکن انہیں 14 دن کے لیے قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔
کیمپ میں موجود تمام قیدیوں، امگیرشن اہلکاروں اور دیگر کا کرونا ٹیسٹ کیا جائے گا۔ داتوک خیرل کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ مثبت آنے پر سرڈانگ قرنطینہ سنٹر منتقل کر دیا جائے گا۔
سینیئر وزیر داتوک سری اسمعیل صابری کا کہنا تھا کہ بُکت جلیل اور سیلانگور امیگریشن کیمپ میں تمام امیگریشن افسران اور قیدیوں کا کرونا ٹیسٹ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ 2800 کے قریب قیدیوں کا کرونا ٹیسٹ کرنا ناگزیر ہو گیا ہے۔
ڈائریکٹر ہیلتھ داتو ڈاکٹر نور ہشام کے مطابق بُکت جلیل کیمپ میں اب تک 25 قیدیوں کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ چکا ہے۔
